بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، میر علی حسن زہری
مستقبل قریب میں بلوچستان خطے میں تجارت و سرمایہ کاری کے حوالے سے نہایت اہم کردار ادا کرے گا، صوبائی وزیر زراعت ، صنعت و حرفت
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور ان وسائل سے استفادہ حاصل کر کے بلوچستان خوشحال بن سکتا ہے جبکہ یہ حقیقت ہے کہ بلوچستان کی خوشحالی پورے ملک کو خوشحال بنا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سینئر رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر برائے زراعت ، صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ایک ملاقات میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا اور قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے بلوچستان کی خوشحالی پورے ملک کو خوشحال بناسکتی ہے ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ سابقہ ادوار میں بلوچستان کے حکمرانوں نے بیانات، تقریروں، وعدوں کی بھرمار کردی لیکن عملدرآمد نہیں کیا اور ان کے اعلانات بھی باقی سب اعلانات اور وعدوں کی طرح ہوا میں تحلیل ہوگئے لیکن موجودہ حکومت کا وژن ہے کہ بلوچستان کے وسائل کو بروئے کار لا کر نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی تقدیر کو بدلا جائے ۔پچھلے ادوار میں مفاد پرست عناصر نے صوبے کے سب سے بڑے انڈسٹریل زون حب کومجرمانہ طور پر نظر انداز کیا جس کی وجہ سے حب کھنڈرات میں تبدیل ہو گیالیکن اللہ کے فضل سے ہم نے عوام کے تعاون سے اور ووٹ کی طاقت سے چالیس سالہ دور کا خاتمہ کر دیا ہے اور حب سمیت صوبے کے مختلف حصوں میں صنعت زونز قائم کر رہے ہیں جس کے بہت جلد دورس نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو قدرتی وسائل سے خوب نوازا ہے ۔ یہاں کے عوام خوش قسمت ہیں کہ بلوچستان میں چاروںموسم پائے جاتے ہیں اور ہر قسم کی معدنیات موجود ہیں ۔ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان قدرتی وسائل سے مثبت طریقے سے استفادہ حاصل کیا جاسکے اور اس کے لئے موجودہ حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے ۔ریکوڈک ، سیندک ، سی پیک اور گوادر پورٹ کے منصوبوں سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ رہا ہے جس سے بلوچستان کے عوام سمیت پورا ملک مستفید ہو رہا ہے ۔
ان منصوبوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے بے پناہ مواقع میسر آئے ہیںاور نوجوانوں کو باعزت روزگار حاصل ہورہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بھی بہترین مواقع موجود ہیں
جومختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کر کے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ ، سی پیک ۔ ریکوڈک منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہو گا۔بطورصوبائی وزیر صنعت و حرفت ہم صوبائی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کراتے ہیںاور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بلوچستان میں بڑھتی دلچسپی اس بات کی دلیل ہے کہ مستقبل میں بلوچستان خطے میں نہایت اہم حیثیت اختیار کر جائے گا
جس کا ادراک سرمایہ کاروں کو ہو چکا ہے یہی وجہ ہے کہ بہت سے دوست ممالک کے سرمایہ کاروں نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے دور کا آغاز ہو گااور مستقبل قریب میں بلوچستان خطے میں تجارت و سرمایہ کاری کے حوالے سے نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔