پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو ہرادیا
251 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز کیلئے پہاڑ ثابت ہوا
ملتان (قدرت روزنامہ)ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیزیز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 251 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 123 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستانی اسپنرز نے دوسری اننگز میں بھی کمال کیا، پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں، ساجد خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 4 وکٹیں ابرار احمد کے حصے میں آئیں اور ایک وکٹ نعمان علی نے حاصل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی دوسری نا مکمل اننگز کا آغاز 109 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا لیکن کھیل کی پہلی ہی گیند پر پہلی اننگز کے نمایاں اسکورر سعود شکیل اپنے انفرادی اسکور میں بغیر کسی اضافے کے 2 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد محمد رضوان بھی صرف 2 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، کامران غلام 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نعمان علی 9 اور ساجد خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکن نے 7 جبکہ گوداکیش موٹی نے ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 230 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔