پاکستان

حکومت نے معیشت کیساتھ ساتھ امن و امان کو بھی تباہ کردیا ہے ، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت نے معیشت کیساتھ ساتھ امن و امان کو بھی تباہ کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلی حکومت ہے جو ہر محاذ پر ناکام ہے ، ان کے پاس بیانات کے علاوہ ایک بھی نکتہ نہیں جس پہ یہ کہیں کہ عوام کو سہولت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے مہنگائی آسمان کی بلندیوں سے بات کر رہی ہے ، مثالیں دی جاتی تھیں کہ چائنہ کی طرح ملک کو اٹھا دیں گے ، بھیک مانگ کر کیسے ملک چلائیں گے ، آپ نے جو کہا اس کی نفی کر رہے ہیں ، اپنی باتوں کی نفی سے بڑا جھوٹ اور دغا کیا ہوتا ہے۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عام آدمی بچوں کے لیے اناج ، دوا اور تعلیم کا انتظام نہیں کر سکتا اس کو بیانات سے کیا لینا دینا ، حکومت نے معیشت کیساتھ ساتھ امن و امان کو بھی تباہ کردیا ہے ، کیا آپ نے اپنے وزراء سے سوال کیا ہے ، آج جی ٹی روڈ کیوں بند ہے ، آپ کے وزیرداخلہ کہتے تھے کہ یہ لوگ محب وطن ہیں باہر نکلے تو پتہ نہیں کیا کر دیں گے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج آپ انہی لوگوں کو دہشتگرد کہہ رہے ہیں ، ٹی وی بیانات کے علاوہ انہوں نے بس انتشار و نفاق پھیلایا ہے ، اب اس حکومت کو چلتا کرنا ہے ، چئیرمین نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا کہا ہے ، کل تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پریس کلبز کے باہر احتجاج کیا جائے گا ، حلقہ این اے 133 میں پیپلزپارٹی کو چاہنے والے افراد رہتے ہیں ، انتظامیہ کو بتانا چاہتا ہوں ہم پر امن جمہوری لوگ ہیں ، ہمارے جھنڈے اور پوسٹرحلقے سے اتارے جارہے ہیں۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اگر ہمارے جھنڈے بینرز اترے تو یہاں کسی اور جماعت کے بھی نہیں لگنے دیں گے ، ہمارے امیدوار اسلم گل بہت منجے ہوئے سیاستدان ہیں ، امن و مان کی صورتحال خراب ہونے کی ساری ذمہ داری حکومت پر ہے ، کسی کو غدار وطن کے سرٹیفکیٹ نہیں دینے چاہئیں ، وزراء جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں