مذاکرات ختم، کسی بھی حوالے سے بات چیت شروع نہیں کرنا چاہتے، شیخ وقاص اکرم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے، ہم کسی بھی حوالے سے ان کے ساتھ مذاکرات شروع نہیں کرنا چاہتے۔
اتوار کو ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں شیخ وقاض اکرم نے کہا کہ اگر حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کرتی بھی ہے تو جب وہ اعلان کریں گے تب دیکھیں گے لیکن مذاکرات کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے ہم کسی بھی حوالے سے حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع نہیں کرنا چاہتے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان اور سلمان اکرم راجا نے مشروط طور پر مذاکرات کی بحالی کے بیان کو ہو سکتا ہو صحافیوں نے سیاق و سباق سے ہٹ کر جاری کیا ہو، سیاسی مذاکرات کے لیے اپوزیشن کمیٹی کے ترجمان حامد رضا خان ہیں۔
میری کمیٹی کے ترجمان اور بیرسٹر گوہر خان اور سلمان اکرم سے بات چیت ہو چکی ہے، انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ ہم کسی بھی حوالے سے حکومت کے ساتھ اب مذاکرات شروع نہیں کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات اوور سمجھیں، حکومتی رویے کو دیکھتے ہوئے مذاکرات سے باہر نکلے ہیں، یہ لوگ مذاکرات سے متعلق سنجیدہ تھے ہی نہیں، ان کا کام جوڈیشل کمیشن بنانا تھا لیکن اس کو کو تعطل کا شکار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سی کمیٹیوں کو ہیڈ کیا گیا ہے، کمیٹیوں کا ممبر بھی رہا ہوں، انہیں پتا تھا کہ میں ان کے ساتھ کیا کروں گا اس لیے مجھے کسی کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا، میرے نام سے حکومت کو سانپ سونگھ گیا ہے کیونکہ میری طبعیت اور مزاج سے یہ لوگ واقف ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ علی امین گنڈاپور 2 ماہ سے کہہ رہے تھے وہ ایک ساتھ 2 ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتے تھے، بانی پی ٹی آئی کے علی امین گنڈا پور سے ناراض ہونے کی بات میرے علم میں نہیں ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مذاکرات سے علیحدگی کا فیصلہ اجلت میں کیا نہ ہی کسی جلدی بازی میں کیا ہے، ہم نے ان کا رویہ دیکھ لیا تھا، ہم نے تحریری چارٹر آف ڈیمانڈ کاان کا شوق بھی پورا کیا لیکن انہوں نے جوڈیشل کمیشن کے قیام میں تاخیر کی۔
عمران خان نے اپنی سزا کے باوجود مذاکرات سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی تھی، ہم نے 7 دن تک ان کے جواب کا انتظار کیا، ان کا کام صرف اتنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بنا دیتے لیکن وہ بنانے میں بھی اتنے نخرے، بیان بازی اور ڈراما بازی کی گئی۔ ابھی 12 بجنے میں کچھ ہی گھنٹے باقی تھے کہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کے مدرسے پر دھاوا بول دیا۔
شیخ وقاص اکرم نے ایک اور سوال کے جواب میں کہاکہ اگر حکومت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیتی ہے تو پھر مذاکرات کو جاری رکھنے کے لیے ہم بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کریں گے وہ جو کہیں گے پھر اس پر عمل کیا جائے گا۔