ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2025ء: صوبوں کے حق میں مداخلت کی گئی، سینیٹر کامران مرتضیٰ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2025ء پر غور کیا گیا، اس موقع پر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ صوبوں کے حق میں مداخلت کی گئی۔ سیکریٹری آئی ٹی نے بتایا کہ ورلڈ ب ینک نے ڈیپ پراجیکٹ کیلئے 78 ملین ڈالرز منظور کئے ہیں۔
سینیٹر پلوشہ خان کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2025ء پر غور کیا جارہا ہے۔
چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ اتنا اہم بل ہے وزیر مملکت شزہ فاطمہ کیوں نہیں آئیں؟، وزارت آئی ٹی حکام نے بتایا کہ وزیر مملکت کے قریبی رشتے دار کا انتقال ہوگیا ہے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ میں نے بل کی شق67 میں ترمیم تجویز کی ہے، بل میں صوبوں کے حق میں مداخلت کی گئی ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ وزارت قانون کے حکام سے رائے لے لیتے ہیں،
وزارت قانون حکام نے بتایا کہ یہ سبجیکٹ پہلے سے وفاق کے پاس ہے، وفاق اپنے موجود اختیارات کو استعمال کررہا ہے۔
سیکریٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ کمیشن اعلیٰ سطح کی باڈی ہوگی جس نے تمام فیصلے کرنے ہیں۔
سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ اس بل کے تحت صوبوں کو ان کا حصہ ملنا چاہیے۔ سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا کہنا تھا کہ کمیشن میں صوبوں کا حصہ مل رہا ہے۔ منظور کاکڑ نے پوچھا کہ ورلڈ بینک نے کتنے پیسے دیئے ہیں۔ جس پر سیکریٹری وزارت آئی ٹی نے جواب دیا کہ ورلڈ بینک نے ڈیپ پراجیکٹ کیلئے 78 ملین ڈالرز منظور کئے ہیں۔
چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ ہم نے آج ہی اس بل کو منظور کرنا ہے۔