چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی خریداری، قیمت اور مقام کی تفصیلات جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے پاکستان میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی خریداری کے لیے وقت، قیمت اور مقام کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پیر کو آئی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلات میں گروپ مرحلے کے میچوں اور دوسرے سیمی فائنل سمیت پاکستان میں میچوں کی ٹکٹیں عام فروخت کے لیے 28 جنوری سے شروع ہوں گی۔ متحدہ عرب امارات میں بھارت کے میچوں کے ٹکٹوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شائقین کرکٹ گراؤنڈز میں اپنی سیٹس محفوظ کر سکتے ہیں، اس میں بھارت کے میچز 19 فروری سے 9 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
گروپ مرحلے کے میچوں اور پاکستان میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کے ٹکٹوں کی عام فروخت 28 جنوری بروز منگل 13:00 گلف اسٹینڈرڈ ٹائم (جی ایس ٹی) اور 14:00 پاکستان کے معیاری وقت (پی ایس ٹی) پر شروع ہوگی۔
آئی سی سی ممبران کی فیمیلیز کو ٹکٹوں کی خرید کے لیے خصوصی طور ابتدائی مرحلے میں رسائی دی جائے گی، ٹکٹ خریدنے کے لیے ان فیمیلیز کو 2 گھنٹے تک ایک الگ سے کاؤنٹر دستیاب ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے 10 میچوں سمیت مختلف کیٹیگریز میں جنرل اسٹینڈ ٹکٹ کی قیمت 1000 پاکستانی روپے سے شروع ہوگی۔
فزیکل ٹکٹس 3 فروری سے پاکستان بھر میں مخصوص ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز پر بھی دستیاب ہوں گے، جس کی تفصیلات کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
دبئی، متحدہ عرب امارات میں 20، 23 فروری اور 2 مارچ کو کھیلے جانے والے بھارت کے میچوں کے لیے ٹکٹ کی معلومات جلد ہی سامنے لائی جائیں گی۔ اس دوران شائقین ٹکٹیں خریدنے میں اپنا نام اور دلچسپی درج کراسکتے ہیں۔
آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ٹکٹ دبئی میں پہلے سیمی فائنل کے اختتام کے بعد خریدے جائیں گے۔ 2 ہفتوں تک جاری رہنے والے ان سنسنی خیز مقابلوں میں دنیا کی ٹاپ 8 ٹیمیں 19 دنوں تک آمنے سامنے ہوں گی ۔
آئی سی سی کے چیف کمرشل آفیسر انوراگ دہیا کا کہنا ہے کہ ہم آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹ کی فروخت کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ یہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے ایک اہم لمحہ ہے جو 1996 کے بعد اپنے پہلے عالمی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی ایک ناقابل فراموش ایونٹ ہے جہاں ہر میچ انتہائی دلچسپ ہونے کی توقع ہے، جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم شائقین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ 2017 کے بعد پہلی بار چیمپیئنز ٹرافی کے ٹکٹ حاصل کریں گے۔
ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 ایک یادگار ایونٹ ہے جو 1996 کے بعد پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد کیا جا رہا ہے جس سے شائقین کرکٹ کو کرکٹ کے بہترین اسٹارز کو براہ راست دیکھنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جدید ترین، نئے اپ گریڈ شدہ اسٹیڈیمز کے ساتھ، یہ مختصر اور تیز ٹورنامنٹ جس میں ہر میچ اہمیت رکھتا ہے، مہارت، شوق و جذبے کے ناقابل فراموش لمحات پیش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شائقین کو گراؤنڈ تک آنے میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں اور ہم نے ٹکٹوں کو نہ صرف سستا بنایا ہے بلکہ سرکاری آن لائن پلیٹ فارم اور پاکستان بھر میں 100 سے زیادہ مقامات کے ذریعے آسانی سے قابل رسائی بھی بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا میں تمام شائقین پر زور دیتا ہوں کہ وہ صرف اس مجاز چینل کے ذریعے ہی اپنے ٹکٹ حاصل کریں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *