سندھ کے مختلف اضلاع میں سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تشخیص

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے سندھ کے 3 اضلاع سے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی 1) کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میں قومی ادارہ صحت کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے لیے قائم مقامی لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سندھ میں ٹھٹہ، عمرکوٹ اور نوشہرو فیروز سے جمع کیے گئے سیوریج کے نمونوں میں ڈبلیو پی وی ون کی تصدیق ہوئی ہے۔
مذکورہ علاقوں میں پولیو وائرس کی تصدیق گزشتہ سال 23 اور 24 دسمبر کو ہوئی، سال 2024 میں 480 سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ سال 2024 میں کل 73 افراد میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
این آئی ایچ لیبارٹری کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ’پولیو مفلوج کر دینے والا ایک لاعلاج بیماری ہے، 5 سال سے کم عمر بچوں کی قوت مدافعت بڑھا کر اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں پلوانا اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں کا مکمل کورس کروانا انتہائی ضروری ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’پاکستان پولیو پروگرام ایک سال میں بڑے پیمانے پر پولیو سے بچاؤ کی مہم چلاتا ہے، بچوں کو ان کی دہلیز تک ویکسین فراہم کی جاتی ہے جب کہ توسیعی پروگرام برائے امیونائزیشن صحت کے مراکز میں بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف مفت حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جاتے ہیں۔‘
ملک بھر میں رواں سال کی پہلی پولیو ویکسینیشن مہم 3 سے 9 فروری تک چلائی جائے گی۔
اس حوالے سے عہدیدار نے والدین سے درخواست کی کہ والدین اپنے 5 سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کی ویکسینیشن لازمی کروائیں۔