نئے کرنسی نوٹ کب جاری ہوں گے؟ گورنر اسٹیٹ بینک نے بتا دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رواں برس نئے کرنسی نوٹ جاری ہونے کی نوید سنا دی۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ 2025 میں ہی مارکیٹ میں آ جائیں گے، نئے ڈیزائن والے نوٹ مرحلہ وار پرنٹ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ نئے کرنسی نوٹ کو جلد منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے پیش کیا جائےگا۔
گورنر نے کہاکہ اس حوالے سے فی الحال نہیں بتایا جا سکتا کہ پہلے کتنی مالیت کا نیا کرنسی نوٹ مارکیٹ میں آئےگا۔ مختلف مالیت کے نئے نوٹ بتدریج مارکیٹ کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے کچھ عرصہ قبل یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ملک میں نئے کرنسی نوٹ جاری کیے جائیں گے، جن میں جدید سیکیورٹی خصوصیات ہوں گی۔
کچھ عرصہ قبل ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا تھا کہ نوٹ کی افادیت کو برقرار رکھنے کے لیے نئی کرنسی لائی جارہی ہے، نئی کرنسی کی چھپائی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرنسی نوٹ کے ڈیزائن کے لیے عوام سے بھی تجاویز مانگی گئی ہیں، اور اس پر انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔