شریف فیملی کے ارکان پر انگلینڈ میں پرتشدد حملے کا خطرہ، لندن پولیس نے آگاہ کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں رہائش گاہ کے باہر سیاسی مخالفین کی جانب سے احتجاج کیا جاتا رہا ہے، تاہم اب یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شریف فیملی کے ارکان پر نامعلوم افراد کی جانب سے پرتشدد حملہ کیا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے شریف فیملی کے ارکان کو خبردار کیا ہے کہ ان پر نامعلوم افراد پرتشدد حملہ کرسکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ویسٹ مڈلینڈز پولیس کی جانب سے لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس کو شریف فیملی کے ارکان پر ممکنہ حملے کے خطرے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ پولیس کو انٹیلی جنس مانیٹرنگ سسٹم سے حملے سے متعلق اطلاع ملی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ کے افسران خود ایون فیلڈ فلیٹ پر گئے اور شریف فیملی کے ارکان پر حملے کے خطرے سے متعلق آگاہ کیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے شریف فیملی کے ارکان کو بتایا کہ آپ رہائشگاہ پر آتے جاتے وقت احتیاط کریں۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل پولیس نے گلفام حسین نامی شخص کو ایون فیلڈ کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گرفتاری کا ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے انتباہ سے تعلق نہیں۔