پی ٹی آئی نے 8 فروری کے احتجاج کی کال واپس نہ لی تو پھر ایسا ہی ہوگا جیسا پہلے ہوا، محسن نقوی کا انتباہ


وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے لیے پاکستان کو ابھی تک امریکا کی جانب سے کوئی کال موصول نہیں ہوئی۔ اگر کوئی فون کال موصول ہوئی تو تب دیکھیں گے۔
ہفتہ کے روز لاہور میں نادرا سینٹرز میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بانی پی ٹی آئی اپنے حق میں امریکا کی جانب سے کسی کال کی توقع کر رہے ہیں تو محسن نقوی نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کو 8 فروری کے احتجاج کی کال پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہیں، انہوں نے پی ٹی آئی کو متنبہ کیا کہ اگرانہوں نے اس درخواست کو قبول نہ کیا تو پھر ایسا ہی ہو گا جیسا پہلے ہوا تھا۔
اپنے حالیہ دورہ امریکا کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں، اپنے دورے کے دوران متعدد سینیٹرز اور کانگریس مین سے ملاقاتیں کی ہیں، جن کے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے کشتی کے ذریعے یورپ جانے کے لیے ویزے کا غلط استعمال کرنا انتہائی غلط اورباعث تشویش ہے، اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے، اس میں سہولت فراہم کرنے والے ذمہ دار ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ شملہ پہاڑی پر نادرا آفس میں آج سے کچھ ماہ قبل تک بہت رش لگا رہتا تھا، لیکن اس کے باوجود یہاں جتنے منظم طریقے سے کام ہوتا ہے، میری خواہش ہے نادرا کے باقی مراکز میں بھی ایسا ہی کام ہو۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نادرا کے مراکز کو منظم بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، نادرا سینٹرز اور پاسپورٹ آفس مل کرعوام کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کی بروقت ترسیل کا نظام بہتر کرنے کا واحد حل پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام ہی ہے، اس حوالے سے وزیراعظم سے بھی بات ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ یہ بھی دعویٰ کیا کہ اب پاسپورٹ دفاتر یا نادرا کے کام میں کسی بھی قسم کی کوئی تاخیر نہیں ہو رہی ہے۔
کسٹم اور ایف آئی اے کی جانب سے تنگ کرنے اور ایجنٹ مافیا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے میں بہت جلد بڑی تبدیلیاں لانے والے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ مافیا کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی ہے اور بہت جلد ان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن ہونے والا ہے۔
انہوں نے جائز طریقے سے دوسرے ممالک کا سفر کرنے والوں کے حوالے سے کہا کہ مجھے ان لوگوں کے مسائل کا احساس ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ جائز طریقے سے جانے والوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ گجرات اور فیصل آباد ڈویژن سے سب سے زیادہ لوگ غیر قانونی طور پریورپی ممالک کا سفر کر رہے ہیں۔ حکومت نے غیر قانونی طور پر باہر جانے والوں اور بدنامی کا سبب بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ دعویٰ نہیں کیا جا سکتا کہ ایجنٹ مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا، لیکن سخت کریک ڈاؤن کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *