پاکستانی نوجوان کی محبت میں مبتلا امریکی خاتون اچانک کہاں غائب ہو گئی؟


کراچی (قدرت روزنامہ)2 ماہ سے کراچی میں موجود امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ اونیجا 19 سالہ پاکستانی نوجوان ندال کی محبت میں مبتلا ہیں اور ان سے شادی کے لیے پاکستان آئی ہیں۔ پاکستان پہنچنے کے بعد ندال نے ان سے شادی کرنے سے انکار کیا تو اونیجا نے واپس جانے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد وہ آگے اور کراچی پولیس ان کے تحفظ کے لیے ان کے پیچھے پیچھے بھاگ رہی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے اونیجا اینڈریو رابنسن کو طبی، نفسیاتی امداد اور ان کی ملک بدری کے عمل میں تیزی لانے کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق ساؤتھ پولیس نے کراچی کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کو خط لکھا ہے کہ وہ امریکی خاتون کے علاج اور ملک بدری کے بارے میں وفاقی حکومت سے رہنمائی کے لیے حکومت سندھ سے رجوع کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت غیر ملکی خاتون کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے نفسیاتی وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔
خط کے مطابق امریکی خاتون 11 اکتوبر 2024 کو کراچی پہنچی تھیں۔ وہ اپنے آن لائن بننے والے دوست سے ملنے پاکستان آئی تھی جب کہ وہ نوجوان اُس وقت سے منظر سے غائب ہے۔ کراچی آنے کے بعد سے، خاتون شہر میں ادھر ادھر گھوم رہی ہے جس سے اس کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔
خط میں لکھا گیا کہ ان حالات کے پیش نظر پولیس کے سربراہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حلقوں سے رجوع کریں تاکہ خاتون کو طبی امداد فراہم کرنےکے حوالے سے رہنمائی حاصل کی جا سکے اور خاتون کو وطن واپس بھیجنے کا عمل شروع کیا جائے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون کی رپورٹ میں ہیموگلوبن کی سطح کم آئی ہے۔ ڈاکٹرز نے خاتون کا بلڈ ٹرانسفیوژن تجویز کیا ہے۔ امریکی خاتون کچھ معاملات میں تعاون کرتی ہیں اور کچھ میں نہیں۔ میڈیکل ہسٹری دستیاب نہ ہونے کے باعث مرض کی فوری تشخیص ممکن نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کے ساتھ ممکنہ نفسیاتی مسائل بھی لگ رہے ہیں۔ ان کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ لیپیڈ پروفائل، ایچ آئی وی پروفائل اور ہیپاٹائٹس پروفائل کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ تمام ٹیسٹوں کی بنیاد پر حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *