پاکستان کا سعودی عرب کی جغرافیائی سالمیت، فلسطینی کاز کی بھرپور حمایت کا اعادہ
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مملکت سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل فرحان آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور فلسطینی کاز کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کا سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیر اعظم کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور فلسطینی کاز کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے مملکت کے تقدس اور حرمت کے دفاع میں پاکستان کے دیرینہ اور مستقل حمایت پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ کی تازہ صورتحال پر غور و خوض کے لیے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا ایک ہنگامی اجلاس فوری طور پر بلانے پر اتفاق کیا۔