بچوں کی بھرپور نیند انہیں کس بڑی بیماری سے بچا سکتی ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی سائنسدانوں کے مطابق لمبی اور بھرپور نیند لینے والے بچوں کے لئے بعد کی عمر میں موٹاپے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔آن لائن ریسرچ جرنل سلیپ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے میساچیوسٹس جنرل ہاسپٹل میں 2016 سے 2018 کے درمیان پیدا ہونے والے 298 بچوں کو اس مطالعے کے لئے رجسٹر کیا۔اس تحقیق میں بچوں میں سونے جاگنے کے اوقات پر نظر رکھنے کے لئے انہیں ہلکی پھلکی اسمارٹ گھڑیاں پہنائی گئیں۔
بچوں کے والدین سے کہا گیا کہ وہ بھی ان بچوں کے کھانے پینے اور سونے جاگنے کے روزمرہ کے اوقات ڈائری میں مرتب کریں۔اس دوران دیکھا گیا کہ جن بچوں نے شام 7 بجے سے صبح 8 بجے کے درمیان سکون کی نیند لی تو ان کا آئندہ دو سے تین سال میں وزن معمول کے قریب رہا۔ماہرین کو یہ بھی معلوم ہوا کہ شام سے صبح تک کے ان مخصوص اوقات میں ہر ایک گھنٹے کی اضافی نیند کے نتیجے میں شیرخوار بچوں کے لئے موٹاپے کا امکان 26 فیصد کم ہوا۔
ڈاکٹر سوزین ریڈلائن کے مطابق یہ بچوں میں نیند اور موٹاپے کے حوالے اب تک کی سب سے محتاط تحقیق بھی ہے کیونکہ اس میں صرف والدین کی فراہم کردہ معلومات پر انحصار نہیں کیا گیا بلکہ بچوں پر اسمارٹ واچز کے ذریعے بھی نظر رکھی گئی۔