بلوچستان میں پنک اسکوٹیز اور الیکٹرانک بائیکس اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ
بنک فنانسنگ کے تحت عام شہری بھی استفادہ کرسکیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/2-1-12.jpg)
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلبہ، طالبات ملازمت پیشہ خواتین کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اسکوٹیز اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے جس کے تحت طالبات کو پنک اسکوٹیز اور طلبہ کو الیکٹرانک بائیکس فراہم کی جائیں گی اس اسکیم سے عام آدمی بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے جس کے لئے ضوابط و طریقہ کار طے کیا جاررہا ہے۔
اسکیم کا مقصد نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانا اور ان کے سفری مسائل کو حل کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں اسکیم کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکیم کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے سیکرٹری فنانس بلوچستان کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی جو اسکوٹیز اور بائیکس کی فراہمی کے لیے کرائٹیریا طے کرے گی ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسکیم کے تحت سبسڈی پر اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی تاکہ طلبہ، طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مشاورت و معاونت سے بینک فنانسنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ اس اسکیم کو قابل عمل اور پائیدار بنایا جا سکے انہوں نے ہدایت دی کہ یہ اسکیم صرف طلبہ و طالبات تک محدود نہ ہو بلکہ آسان شرائط پر عام آدمی کے لیے بھی اوپن کی جائے تاکہ صوبے کے زیادہ سے زیادہ لوگ اس جدید سفری سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر پنک اسکوٹیز اسکیم کے باضابطہ آغاز کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کو خود مختار اور بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ اقدام ان کی آزادی و خودمختاری کی سمت ایک مثبت پیش رفت ہے اجلاس میں شریک حکام نے وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس اسکیم کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے گی تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں اور خواتین کو ایک بہتر سفری سہولت میسر آسکے۔