موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ماں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک کر 6 سالہ بچے کو اغوا کر لیا
![](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/02-49.jpg)
بھوپال (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے ایک تاجر کے چھ سالہ بیٹے کو اغوا کر لیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچہ اور اس کی ماں اسکول بس کے انتظار میں کھڑے تھے۔
پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے بچے کی ماں کی آنکھوں میں سرخ مرچ پاؤڈر ڈال کر اسے عارضی طور پر بےبس کر دیا اور بچے کو اغوا کرکے موقع سے فرار ہو گئے۔ گوالیار زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اروند سکسینہ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے اغوا کاروں کو پکڑنے اور بچے کو بازیاب کرانے کے لیے 30 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کر دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق مغوی بچہ راہول گپتا کا بیٹا ہے، جو مورار کے سی پی کالونی میں رہائش پذیر ہیں اور ایک ہول سیل شوگر مرچنٹ ہیں۔ راہول گپتا کی بیوی معمول کے مطابق اپنے بیٹے کو سکول بس کے سٹاپ پر چھوڑنے گئی تھی کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ اغوا کی پوری واردات قریب نصب ایک سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گئی، جس کی مدد سے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچے اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔ بچے کے والد راہول گپتا نے بتایا کہ وہ ایک ہول سیل شوگر مرچنٹ ہیں اور اس واقعے کے بعد ابھی تک کسی نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔