آئی ٹی شعبے کو فراہم کردہ حکومتی سہولیات کتنی فائدہ مند رہیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ خدمات برآمد کر کے زرمبادلہ کمانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستانی ماہرین اس وقت آئی ٹی کی خدمات فراہم کرنے میں سر فہرست سمجھے جاتے ہیں۔
گزشتہ 5 برسوں میں پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے 22 فیصد کی کمپاؤنڈ سالانہ ترقی کی شرح (سی اے جی آر) حاصل کی ہے جو کہ دیگر تمام مقامی صنعتوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ شرح نمو ہے۔
پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو حکومتیں نہ صرف سراہتی آئی ہیں بلکہ ان کامیابیوں کو اپنی محنت کا پھل بھی قرار دیتی رہی ہیں، موجودہ حکومت نے آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کے لیے اس شعبے میں بہت سی سرمایہ کاری بھی کی ہے۔
وزارت آئی ٹی نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے اشتراک سے ملک بھر میں 43 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کا قیام کیا ہے جن میں آئی ٹی سے متعلق 350 مختلف کمپنیاں اور 18 ہزار آئی ٹی ماہرین کام کر رہے ہیں۔
سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس سال 2022 سے 2024 کے دوران ملک کے مختلف شہروں اسلام آباد، لاہور، کراچی، گلگت، رحیم یار خان، فیصل آباد، سوات، کوئٹہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، گجرات، جامشورو، نواب شاہ، گوچ اور خضدار میں قائم کیے گئے ہیں، ان ٹیکنالوجی پارکس سے سالانہ 10 کروڑ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ کمایا جا رہا ہے۔
بڑے شہروں میں بڑے ٹیکنالوجی پارکس اس وقت زیر تعمیر ہیں، اسلام آباد میں 8 کروڑ ڈالر کی لاگت سے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام رواں سال مکمل ہو جائے گا، جو اپنی تکمیل کے بعد 7 ہزار سے زائد آئی ٹی ماہرین کو ملازمت فراہم کرے گا۔
اس پیش رفت سے آئی ٹی برآمدات میں 7 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہونے کا امکان ہے، اسی طرح کراچی میں ایک بڑا ٹیکنالوجی پارک زیر تعمیر ہے جو کہ سال 2027 تک مکمل کیا جائے گا، اس پارک کے قیام پر 18 کروڑ ڈالر کے اخراجات آئیں گے۔
کراچی کا یہ ٹیکنالوجی پارک 13 ہزار سے زائد آئی ٹی پروفیشنلز کو ملازمت فراہم کرے گا جس سے 9 کروڑ ڈالر کی برآمدات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ملک بھر میں آئندہ 3 سالوں میں 250 ایک روزگار مراکز قائم کیے جائیں گے جس سے 25 ہزار آئی ٹی ماہرین، فری لانسرز اور دیگر کو کاروبار کا موقع ملے گا اور برآمدات میں 2 کروڑ ڈالر تک کا اضافہ ہو گا، رواں سال میں پہلے 50 مراکز فعال ہو جائیں گے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال آئی ٹی برآمدات میں 33.64 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ مالی سال کے جولائی میں آئی ٹی برآمدات 214 ملین ڈالرز رہی تھیں جبکہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے مہینے میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ چکی ہیں۔