عمران خان نے بھگوڑا کہا یا نہیں؟ تھپڑوں اور گالیوں کے بعد صلح
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر شعیب شاہین کے ساتھ صلح کرلی ہے، اب معاملہ ختم ہوگیا، فواد چوہدری

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور کے وفاقی وزیر اور پارٹی رہنما کو بھگوڑا کہا یا نہیں؟ دو سینئر رہنماؤں کے درمیان تھپڑوں اور گالیوں کے تبادلے کے بعد بالآخر صلح ہو گئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ بانی چیئرمین کے حکم پر شعیب شاہین کے ساتھ صلح کرلی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شعیب شاہین نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام لے کر ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ فواد چوہدری بھگوڑا ہے۔ اس کے بعد میں نے بانی پی ٹی آئی سے اس بات کی تصدیق کی تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسا نہیں کہا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے شعیب شاہین کو کہا بانی پی ٹی آئی کا نام لے کر ایسی باتیں نہ کیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر ہم دونوں نے صلح کرلی ہے، اب معاملہ ختم ہوگیا۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر شعیب شاہین اور فواد چوہدری کے درمیان لڑائی ہوئی، جس میں فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مارا، جس سے وہ نیچے گر گئے اور انہیں زخم بھی آیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی بکیں۔ ذرائع کے بعد شعیب شاہین نے عمران خان سے اس بات کی شکایت بھی کی، جسے انہوں نے سن کر ان سنا کردیا۔