جنید اکبر کا انکشاف: پی ٹی آئی کے 90 فیصد عہدیداروں نے صوابی جلسے سے متعلق غلط معلومات شیئر کیں

کیا میں انہیں بے وقوف لگتا ہوں؟ جنید اکبر کی آڈیو لیک


پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر کی ایک مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ پارٹی کے 90 فیصد عہدیداروں نے صوابی جلسے سے متعلق غلط معلومات شیئر کیں۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اپنی رپورٹس موجود ہیں اور انہیں ہر ایک شخص کا علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کئی اراکینِ اسمبلی (ایم پی ایز، ایم این ایز) اور دیگر عہدیداروں نے جلسے میں شرکاء کی تعداد سے متعلق غلط بیانی کی، جو کہ شرمناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان تمام معاملات کی رپورٹ پارٹی بانی کو پیش کریں گے۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر کا کہنا تھا کہ انہیں جلسے میں شریک افراد کے بارے میں اتنی تفصیل تک معلوم ہے کہ کس نے کون سے کپڑے پہنے تھے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بعض عہدیداروں نے انہیں اسلام آباد اور دیگر پروگراموں کی ویڈیوز بھیج کر جلسے کی کامیابی کے غلط دعوے کیے، جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’کیا میں انہیں بے وقوف لگتا ہوں؟‘
جنید اکبر نے کہا کہ بدقسمتی سے پارٹی میں گروپ بندی ہو چکی ہے اور غلط لوگوں کو سپورٹ کیا جا رہا ہے۔ تاہم، انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ کسی غلط شخص کی حمایت نہیں کریں گے، چاہے وہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اپنی بات پر قائم نہ رہ سکے تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک فرد دس افراد کے فیصلے نہیں کرے گا، بلکہ تمام فیصلے مشاورت سے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس عہدے کی کوئی خواہش یا ضرورت نہیں، بلکہ اگر ذمہ داری ان سے واپس لے لی جائے تو انہیں خوشی ہوگی۔
جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اندرونی سطح پر منظم کرنے کی ضرورت ہے اور وہ اس حوالے سے مکمل دیانت داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی میں شفافیت اور دیانت داری نہ لائی گئی تو وہ قیادت کا حصہ نہیں رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *