نیوزی لینڈ کے خلاف آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان رو پڑے، ویڈیو وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف آؤٹ ہونے کے بعد روتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں فخر زمان بوجھل قدموں کے ساتھ پویلین واپس جاتے دکھائی دے رہے ہیں اور ڈریسنگ روم پہنچتے ہی وہ کرسی پر بیٹھے اور سر جھکا کر رو پڑے، اس موقع پر وہاں موجود کھلاڑیوں نے انہیں حوصلہ دیا جس میں شاہین شاہ آفریدی اور بیٹنگ کوچ شاہد اسلم بھی شامل تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے اس پر مختلف تبصرے کیے۔ کسی نے فخر زمان کو تسلی دی اور کہا کہ یہ گیم کا حصہ ہے۔ ایک صارف نے کہا کہ آپ ہمارے فوجی ہیں اور میچ ونر ہیں۔ جبکہ ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک کھیل سے کہیں زیادہ ہے، یہ جذبات، خواب اور قربانیوں کا نام ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ فخر زمان جلد ہی صحتیاب ہو کر واپس میدان میں آئیں گے۔
واضح رہے کہ انجری کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ میں فخر زمان نے اننگز اوپن نہیں کی تھی اور چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تھے۔ بیٹنگ کے دوران بھی واضح طور پر لگ رہا تھا کہ فخر زمان فٹ نہیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 24 رنز سکور کیے تھے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شاہین آفریدی کے پہلے ہی اوور میں فیلڈنگ کرتے ہوئے فخر زمان انجری کا شکار ہوئے تھے اور میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
29سالہ امام الحق کو، جنہوں نے 72 ون ڈے کھیلے ہیں، فخر زمان کے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔
چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہونے کے بعد فخر زمان نے کہا کہ سب سے بڑے اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا اس ملک کے ہر کرکٹر کا اعزاز اور خواب ہے، مجھے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
’ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے میں اب آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہوں لیکن یقیناً اللہ بہترین منصوبہ ساز ہے، موقع کے لیے مشکور ہوں۔‘