وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ملاقات
صوبے کی سیاسی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نیشنل پارٹی کے سربراہ، رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام جماعتوں کی سیاسی قیادت کو ایک واضح وژن کے ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وسیع تر سیاسی مشاورت کے تحت بلوچستان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیے اقدامات کو بار آور بنایا جائے گا تاکہ بلوچستان میں پائیدار ترقی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔