اسپنر ابرار احمد کی انسٹاگرام پوسٹ وائرل، ویرات کوہلی سے متعلق کیا کہا؟

دبئی (قدرت روزنامہ)پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے دبئی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے میچ کے دوران سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا سامنا کرنے کے بعد ایک جذباتی سوشل میڈیا پوسٹ میں مایہ ناز بلے باز کے لیے اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا ہے۔
انسٹاگرام پر اپنی حالیہ پوسٹ میں بھارت بمقابلہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 میچ کے ایک وائرل لمحے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے، 26 سالہ پاکستانی بولر نے ویرات کوہلی کو اپنا ’بچپن کا ہیرو‘ قرار دیتے ہوئے اسٹار کرکٹر کی شائستہ شخصیت کی تعریف کی۔
’اپنے بچپن کے ہیرو ویرات کوہلی کو بولنگ کرنا، ان کی جانب سے سراہے جانے پر شکرگزار ہوں، ایک کرکٹر کے طور پر ان کی عظمت بطور انسان ان کی عاجزی سے ہم آہنگ ہے، میدان کے اندر اور باہر ایک حقیقی مثال۔‘
بھارتی سپر اسٹار ویرات کوہلی کی دنیا بھر میں مداحوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، پاکستان کے خلاف حال ہی میں دبئی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ابتدائی میچ میں ویرات کوہلی نے شاندار سنچری بنا کر بھارت کو 6 وکٹوں سے فتح سے ہمکنار کرنے میں مدد فراہم کی تھی۔
مذکورہ روایتی حریفوں کے مابین اس میچ کے دوران، ابرار احمد اور ویرات کوہلی دونوں نے اس مصافحہ کیا جب اسپن بولر نے اپنا 10 اوورز میں 28 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے اپنا اسپیل مکمل کیا تھا۔
اس میچ میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے اچھی فارم میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بھارتی بلے باز شبمن گل کو ایک زبردست گیند پر کلین بولڈ کرکے سب کو حیران کردیا تھا، تاہم اس موقع پر انہوں نے شبمن گل کو باہر جانے کا جس طرح اشارہ کیا، اس پر بھی بڑی تنقید ہوئی تھی۔