اگلے 4 سے5 روز میں منگلا، تربیلا ڈیمز میں پانی مکمل ختم ہونے کا خدشہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سندھ حکومت کے محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ منگلا اور تربیلا ڈیمز میں آئندہ 4 سے 5 دنوں میں پانی مکمل طور پر ختم ہونے کا خدشہ ہے۔
ایک مراسلے میں محکمہ آبپاشی سندھ نے خبردار کیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں پانی کی شدید قلت اور خشک سالی کا خطرہ ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رواں ربیع سیزن 2024-25 میں بہت کم بارشیں ہوئیں۔
بارشیں نہ ہونے سے پانی کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہوچکے ہیں۔ منگلا اور تربیلا ڈیمز میں آئندہ 4 سے 5 دنوں میں پانی مکمل طور پر ختم ہونے کا خدشہ ہے۔ 3 مارچ 2025 تک تربیلا ڈیم میں صرف 0.102 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود تھا۔ منگلا ڈیم میں 0.226 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ خشک سالی کے اثرات کراچی، حیدرآباد، سکھر اور دوسرے شہروں پر نمایاں ہونے لگے۔ مارچ کے بقیہ ایام اور سیزن کے آغاز پر پانی کی قلت 50 فیصد سے زیادہ ہوسکتی ہے۔
مراسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے منظم منصوبہ بندی کی جائے۔