سینیٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں اعجاز چوہدری اور عون عباس بپی کے پروڈکشن آرڈر جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ہفتے کو ہونے والے ایوان بالا کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری اور سینیٹر عون عباس بپی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے۔
یوسف رضا گیلانی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دونوں افراد کی ایوان بالا کے ہفتہ 8 مارچ 2025 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری 19 ماہ سے جیل میں ہیں اور جنوری میں بھی یوسف رضا گیلانی ن کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے تاہم وہ 14 جنوری کے اجلاس میں پیش نہیں کیے گئے تھے۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز سینیٹر عون عباس بپی کے حوالے سے خبر آئی تھی کہ ان کو چولستان میں ہرنوں کا غیر قانونی شکار کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عون عباس کو جمعے کو جے آئی ٹی میں بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ نہیں آسکتے تھے۔ جے آئی ٹی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے پیش نظر بنائی گئی ہے اور اس نے پی ٹی آئی کے 25 رہنماؤں کو 11 مارچ کو پھر طلب کیا ہے۔
سینیٹر اعجاز چوہدری لاہور کی کوٹ لکھپت جیل اور سینیٹر عون عباس بپی بہاولپور پولیس کی تحویل میں ہیں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کے قواعد و ضوابط 2012 کے رول 84 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔
پروڈکشن آرڈرز میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ ضروری سمجھتے ہیں کہ سینیٹر اعجاز چوہدری اور سینیٹر عون عباس کی سینیٹ کے 346 ویں اجلاس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
حکم نامہ سیکریٹری داخلہ اور پنجاب اور اسلام آباد کے حکام کو بھیجا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سینیٹرز اعجاز چوہدری اور عون عباس بپی کو سینیٹ سیکریٹریٹ کے سارجنٹ کے سامنے پیش کریں۔ دونوں کو اجلاس کے اختتام کے بعد واپس تحویل میں دے دیا جائے گا۔
تمام متعلقہ حکام بشمول چیف سیکریٹری پنجاب ، وزارت داخلہ ، آئی جی اسلام ، آئی جی پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب اور دیگر کو مراسلے کی کاپیاں ارسال کر دی گئی ہیں۔