سیف ، امریتا اکٹھے رہ کر ناخوش تھے ، سارہ علی خان

ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارتی اداکارہ سارہ علی خان نے کہا ہے کہ میری ماں دس سال تک نہیں ہنسی تھی لیکن جب میرے والدین میں طلاق ہوئی تو ان کا چہرہ کھل اٹھا تھا ۔بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بالی وڈ سٹارز سیف علی خان اور امرتا سنگھ کی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان نے ایکبار پھر اپنے والدین کی علیحدگی کے بارے میں بات کی ہے ۔
سارا علی خان نے کہا کہ میں صرف نو سال کی تھی جب میرے والدین میں علیحدگی ہوگئی تھی ۔ میرے والدین کی آپسی تلخیوں کی وجہ سے میں عام لوگوں کی نسبت ضرورت سے زیادہ میچور ہوگئی تھی اور مجھے محسوس ہوگیا تھا کہ میرے والدین آپس میں خوش نہیں ہے ۔
سارا علی خان نے انٹرویو میں بتایا کہ جب والدین آپس میں ہنسی خوشی زندگی بسر نہیں کررہے ہوتے تو پھر اس کا اثر بچوں پر پڑتا ہے ۔ میرے والدین کا مسئلہ بھی یہ تھا کہ وہ ایک چھت کے نیچے تھے لیکن آپس میں خوش نہیں تھے اور جب وہ الگ الگ کمروں میں ہوتے تھے تو وہ خوش ہوتے تھے ۔

بھارتی اداکارہ سارا علی خان نے کہا کہ میری ماں جو مجھے نہیں لگتا کہ دس سالوں میں کبھی ہنسی تھیں طلاق کے بعد اچانک خوش ، خوبصورت اور پرجوش رہنے لگی تھیں ، جیسے کہ انہیں ہونا چاہئے تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دو الگ گھروں میں رہ کر وہ خوش ہیں تو میں دکھی کیوں ہوں گی ، میرے والدین الگ الگ رہ کر خوش ہیں تو میں بھی ان کی خوشی میں خوش ہوں ۔

سارا علی خان کا کہنا تھا کہ میرے والدین آج الگ الگ رہتے ہوئے بہت زیادہ خوش ہیں اور بہت زیادہ مثبت بھی ہیں ، جو وہ ساتھ رہتے ہوئے نہیں تھے ۔ میں اپنی ماں کو ہنستے ، مذاق کرتے اور خوش ہوتے دیکھتی ہوں ، جو کہ میں نے انہیں سالوں نہیں دیکھا تھا ۔ انہیں پھر سے اس طرح دیکھنا میرے کیلئے ایک خوشگوار تجربہ ہے ۔

یاد رہے کہ بھارتی اداکارہ سارا علی خان بالی وڈ کے چوتھے خان سیف علی خان اور ماضی کی معروف اداکارہ امرتا سنگھ کی بیٹی ہیں ۔ سیف علی خان اور امرتا سنگھ نے 1991 میں لو میرج کی تھی جس کے بعد دونوں ایک بیٹی اوربیٹے کے والدین بنے لیکن سال 2004 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی ۔