’کیا یہ واقعی رمضان ٹرانسمیشن ہے؟‘، جاوید شیخ کی عمران ہاشمی سے متعلق گفتگو پر شدید تنقید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مقبول اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے ماضی میں ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا جس پر وہ شدید غصے میں آگئے۔
جاوید شیخ نے حال ہی میں ’آج‘ ٹی وی‘ کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ دورانِ پروگرام انہوں نے بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے تجربے پر بھی گفتگو کی۔
اداکار نے بتایا کہ وہ شوٹنگ کے لیے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن پہنچے، جہاں عمران ہاشمی بھی موجود تھے۔ شوٹنگ کے وقت ہدایت کار نے ان کا اور عمران ہاشمی کا تعارف کرایا اور اس دوران انہوں نے بھارتی اداکار سے ملانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا۔ جس پر عمران ہاشمی نے نا مناسب رویہ اختیار کیا اور بے دلی سے ہاتھ ملا کر چلے گئے جس پر انہیں افسوس ہوا اور غصہ بھی آیا۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ اس واقع کے ایک دن بعد جب وہ شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچےتو کریو نے انہیں کہا کہ آپ عمران ہاشمی کے پاس جاکر ریہرسل کے حوالے سے بات کر لیں جس پر انہوں نے غصے میں کہا وہ نہیں جائیں گے عمران ہاشمی کو ان کے پاس بھیجیں، جس کے بعد بالی ووڈ اداکار آئے اور انہوں نے شوٹنگ کی ریہرسل کی۔
انہوں نے بتایا کہ عمران ہاشمی کی اس حرکت کے بعد انہوں نے شوٹنگ سیٹ پر رہتے ہوئے بھی 15 دن تک بالی ووڈ اداکار سے بات نہیں کی، جس کے بعد عمران ہاشمی نے خود ان سے بات کرنا شروع کی۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار جیسے اداکار بھی انہیں شیخ صاحب کہہ کر بلاتے ہیں اور عزت دیتے ہیں لیکن عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
اداکار نے کہا کہ کسی سے بدلہ لینا ہو تو ضروری نہیں ہے کہ بدتمیزی کی جائے بلکہ آپ نرم مزاجی سے بھی اپنا انتقام لے سکتے ہیں۔
جاوید شیخ کی رمضان ٹرانسمیشن میں ایسی گفتگو پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، کئی صارفین نے سوال کیا کہ ’کیا یہ واقعی رمضان ٹرانسمیشن ہے‘؟
صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رمضان ٹرانسمیشن میں دین کی باتیں ہو رہی ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ ’واہ کیا دینی ماحول ہے‘۔ اسامہ شاہ لکھتے ہیں کہ ’عوام کو ایسی رمضان ٹرانسمیشنز کا بائیکاٹ کرنا چاہیے‘۔ ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ ’ساتھ بیٹھے مولوی صاحب بھی پریشان ہو گئے کہ میں رمضان ٹرانسمیشن میں آیا ہوا ہوں یا کپل شرما شو میں‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *