جعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 21 مسافر اور 4 جوان شہید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرتے ہوئے 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 4 جوان شہید ہوگئے، جبکہ دہشتگردوں نے 21 معصوم مسافروں کو بھی شہید کردیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جعفر ایکسپریس پر حملے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 11 مارچ کو ایک بجے بولان کے قریب ریلوے ٹریک کو پہلے دھماکے سے اڑایا گیا۔ دہشت گردوں نے بعد میں جعفر ایکسپریس کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا۔
فوجی ترجمان نے کہاکہ دہشت گرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں تھے، سیکیورٹی فورسز نے بھرپور طریقے سے آپریشن شروع کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کرایا۔
انہوں نے کہاکہ وہاں پر موجود تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو بھی ہلاک کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ آپریشن کامیاب ہوچکا ہے اور آپریشن کےدوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم آپریشن سے پہلے دہشت گردوں نے 21 معصوم مسافروں کو شہید کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 4 ایف سی کے اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع بولان میں دہشتگردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا جو آج مکمل ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں میں خود کش بمبار بھی شامل تھے جنہوں نے معصوم بچوں اور خواتین کو بطور انسانی ڈھال استعمال کیا، کلیئرنس آپریشن کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دہشتگردوں نے یرغمال مسافروں کو مختلف ٹولیوں میں تقسیم کررکھا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کلیئرنس آپریشن کے بعد بازیاب یرغمال مسافروں کو پاک فوج کے جوان بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے جوانوں نے اپنی مہارت سے ایک بھی خود کش بمبار کو پھٹنے کا موقع نہیں دیا،
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے آپریشن کے دوران 21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر کارروائی میں 33 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے شہریوں اور مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، اور شہید ہونے والے 4 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے آپریشن جعفر ایکسپریس کے شہدا کے لیے بلندی درجات، ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے بلوچستان میں قیامِ امن اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔
بہادر دستوں نے دہشتگرردوں کو مؤثر جواب دیا، آئی ایس پی آر
جعفر ایکسپریس میں مسافروں کو یرغمال بنانے والے دہشتگردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر متزلزل حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے بہادر دستوں نے دہشتگرردوں کو مؤثر جواب دیا اور ایک طویل، شدید اور جرأت مندانہ آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مرحلہ وار یرغمالیوں کو بازیاب کرتے ہوئے خودکش بمباروں سمیت تمام 33 دہشتگردوں کا کامیابی سے خاتمہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق اس مرحلے کے دوران، دہشتگردوں نے کلیئرنس آپریشن شروع ہونے سے پہلے ہی 21 معصوم یرغمالیوں کی جانیں لے لیں جب کہ سیکیورٹی فورسز کے 4 بہادر جوانوں نے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔ ان کے بے لوث اقدامات نے بے شمار جانیں بچائیں اور مزید تباہی کو روکا۔
علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا جا رہا ہے اور اس بزدلانہ اور گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
حملہ افغانستان سے کام کرنے والے دہشتگردوں نے ترتیب دیا
آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس نے واضح طور پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ افغانستان سے کام کرنے والے دہشتگردوں کے سرغنوں نے ترتیب دیا تھا اور وہ پورے واقعے کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھے۔ ایسے میں پاکستان توقع کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے گی اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔