ٹریفک حادثے کا شکار خاتون 6 روز بعد گاڑی سے زندہ برآمد

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، یہ کہاوت تو آپ نے سن رکھی ہوگی، امریکا میں کچھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون ٹریفک حادثے کے 6 دن بعد گاڑی سے زندہ حالت میں ملی ہے۔
یہ واقعہ امریکا کی ریاست انڈیانا میں پیش آیا، جہاں 41 سالہ خاتون بریونا کاسیل گھر سے لاپتہ ہوگئی تھیں، تاہم بعد میں معلوم ہوا ان کو ٹریفک حادثہ پیش آگیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کو گاڑی چلاتے ہوئے نیند آگئی اور اس دوران گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔
پولیس کے مطابق خاتون کی گاڑی حادثے کے بعد جس جگہ پر جاکر پھنسی وہاں کوئی موجود نہ ہونے کی وجہ سے کوئی ان کی مدد کے لیے بھی نہ آ سکا۔
حادثے کے 6 روز بعد ایک شخص کا وہاں سے گزر ہوا تو اس نے دیکھا کہ ایک خاتون گاڑی میں پھنسی ہوئی ہے اور مدد کے لیے پکار رہی ہے۔
جس شخص نے خاتون کو گاڑی میں پھنسے دیکھا وہ اس علاقے میں ڈرینج کے آلات پر کام کر رہا تھا، اس نے فوراً اپنے سپروائزر سے رابطہ کیا جو ایک قریبی قصبے کے فائر چیف بھی تھے۔
پھر دونوں نے مل کر خاتون کو گاڑی سے زندہ حالت میں نکال لیا، اور طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا، جہاں وہ آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں۔
خاتون کے والدین کے مطابق ان کی بیٹی کا موبائل فون بیٹری نہ ہونے کی وجہ سے بند ہوگیا تھا، اس دوران وہ مدد کے لیے چیختی رہیں۔