ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ: آئی سی سی کا اضافی پوائنٹس متعارف کرانے کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ قوانین میں تبدیلی کرتا رہتا ہے، اور اب ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے اضافی پوائنٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل 11 سے 15 جون 2025 تک لارڈز میں کھیلا جائےگا، جس کے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے چوتھے ایڈیشن میں پوائنٹس کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی جائےگی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی لیگ مرحلے میں ایک مبہم اور غیر منصفانہ نظام کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنی ہے، جس نے اس تبدیلی کا اشارہ دیا ہے۔
آئی سی سی کئی فرسٹ کلاس ڈومیسٹک مقابلوں جیسے رانجی ٹرافی یا شیفیلڈ شیلڈ کے ڈھانچے کی تقلید کرتے ہوئے بھاری جیت پر اضافی پوائنٹس دے گا، جس سے ٹیموں کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا حوصلہ ملے گا۔
اس کے علاوہ اس ٹورنامنٹ کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جائےگی، کیونکہ موجودہ نظام کے تحت تمام 10 ٹیمیں ایک دوسرے سے نہیں کھیل پاتیں۔
نئے پوائنٹس سسٹم پر اپریل میں آئی سی سی کے اجلاس میں بحث کی جائے گی۔
انگلش کرکٹ بورڈ موجودہ ڈھانچے کا کھلا ناقد رہا ہے، جو اب تک تینوں مواقع پر میزبان ہونے کے باوجود فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہا ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ زیادہ منصفانہ اور زیادہ مسابقتی ہونی چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *