شدید گرمی،حکومت نے اسکولوں کی چھٹیوں کی تیاری کرلی، طلبہ کی موجیں


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے شروع کرنے کی تجویز وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے اس سلسلے میں ایک سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی ہے۔ سکریٹری تعلیم خالد نذیر وٹو کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی ممکنہ لہر کے باعث تعطیلات پہلے شروع کی جا سکتی ہیں تاہم حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب کریں گے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں حکومت پنجاب نے درجہ حرارت میں اضافے کے باعث اسکول کے اوقات کار میں 30 منٹ کی کمی کر دی تھی جو 7 اپریل سے نافذ ہو چکی ہے اور 15 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
اب اسکول صبح 7:30 بجے کھلتے ہیں جبکہ ایک اور دو شفٹوں والے اسکولوں کے لیے چھٹی کے اوقات میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے۔
اگرچہ اسکول ٹائم میں تبدیلی کی گئی ہے لیکن والدین کی ایک بڑی تعداد اب بھی اپنے بچوں کو شدید گرمی میں اسکول بھیجنے پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے اور حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات جلد از جلد شروع کی جائیں۔
اساتذہ کی جانب سے بھی یہی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعطیلات کے شیڈول میں غیر یقینی صورتحال تعلیمی منصوبہ بندی اور کورس مکمل کرنے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔