چمن نادرا دفتر میں شناختی کارڈ کے حصول میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا

چمن(قدرت روزنامہ)چمن میں نادرا دفتر کے باہر شناختی کارڈ کے ٹوکن کے حصول کے لیے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث متعدد افراد مجبورا رات بھر دفتر کے باہر انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نادرا دفتر میں روزانہ سینکڑوں افراد شناختی کارڈ کے ٹوکن کے لیے آتے ہیں، تاہم محدود ٹوکن اور عملے کی مبینہ سستی کے باعث اکثر شہری مایوس واپس لوٹ جاتے ہیں۔ ایک شہری نے بتایا کہ وہ رات گئے اس امید میں نادرا دفتر پہنچا کہ فجر کے وقت عملہ آتے ہی جلد ٹوکن حاصل کر لے گا، لیکن باوجود اس کے، سفارش کلچر کے باعث عام شہریوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ ہر شہری کا آئینی اور بنیادی حق ہے، لیکن اس حق کے حصول کے لیے سڑکوں پر رات گزارنا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل عام شہریوں کے لیے باعثِ تکلیف اور نادرا کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔شہریوں نے نادرا کے حکام بالا اور ڈپٹی کمشنر چمن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ایک ایسا شفاف، منصفانہ اور موثر نظام متعارف کرائیں جس سے شناختی کارڈ کے حصول کا عمل عام عوام کے لیے آسان اور باعزت بنایا جا سکے۔