ملالہ یوسفزئی کی عصر ملک سے پہلی ملاقات دو سال قبل ہوئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور ان کے شوہر عصر ملک کی ملاقات کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئی ہیں . سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملالہ کے شوہر عصر ملک کا تعلق لاہور کی پنجابی فیملی سے ہے اور وہ مڈل کلاس نوجوان ہیں .

انہوں نے بتایا کہ ملالہ اور عصر ملک کی ملاقات دو سال پہلے برمنگھم میں اس وقت ہوئی جب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچز جاری تھے . انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں آنے سے پہلے عصر ملک ملتان سلطانز کے جنرل منیجر آپریشن تھے . ان کی ملالہ سے دو سال پہلے دوستی ہوئی اور پچھلے کچھ مہینوں سے عصر ملک نے اچانک برطانیہ جانا شروع کر دیا تھا . عصر ملک نے ڈیڑھ دو ہفتے قبل پی سی بی کو ملالہ سے اپنی شادی کے بارے میں آگاہ کیا تھا جب کہ چند روز قبل ملالہ کی پی آر کمپنی نے بورڈ کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کرکے عصر سے متعلق کچھ چیزیں کنفرم کیں . انہوں نے مزید بتایا کہ ملالہ یوسفزئی کی ابھی رخصتی ہونا باقی ہے . جس متعلق کہا جا رہا ہے کہ ان کے شوہر عصر ملک مستقل طور پر برطانیہ ہی منتقل ہو جائیں گے تاہم رخصتی کے حوالے تاحال کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی . دونوں کی فیملیز کچھ وقت کے بعد مناسب وقت دیکھتے ہوئے مزید چیزیں طے کریں گی . ملالہ یوسفزئی کو کرکٹ کا بہت شوق ہے اور برمنگھم میں ہونے والے پاک انگلینڈ میچ میں وہ اسٹیڈیم میں ہی موجود تھیں . واضح رہے کہ ملالہ کے شوہر عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہیں، ان کے پاس پی سی بی میں جنرل مینیجر آپریشنز کا عہدہ ہے . ملالہ یوسفزئی کے شوہر پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے ساتھ بھی وابستہ رہ چکے ہیں . عصر ملک نے لاہور میں واقع لمز یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رکھی ہے . واضح رہے کہ منگل کے روز ملالہ یوسفزئی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنے زندگی کے نئے سفر کے آغاز کا اعلان کیا . سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ملالہ یوسفزئی نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ آج میری زندگی کا بہت اہم دن ہے، عصر اور میں نکاح کے بندھن میں بندھ گئے، زندگی کے اس نئے سفر کیلئے ہم بہت پرجوش ہیں . ملالہ یوسفزئی نے اپنی ٹوئٹ میں نکاح کی تصاویر بھی شیئر کیں اور بتایا کہ برمنگھم میں نکاح کی ایک چھوٹی سے تقریب ہوئی جس میں دلہا دلہن کے اہل خانہ نے شرکت کی . ملالہ یوسفزئی نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی کہ زندگی کے نئے اور اہم سفر کیلئے آپ سب کی دعاوں کی ضرورت ہے . زندگی کے سفر کا آغاز کرنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ کی جانب سے شیئر کی گئی اپنے نکاح کی تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، دنیا بھر سے چاہنے والے ملالہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں . . .

متعلقہ خبریں