بلوچستان کابینہ کا اجلاس: بھارتی الزامات کی مذمت، نوشکی سانحہ پر افسوس، اسمگلنگ کے خلاف فوری اقدامات کا فیصلہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات اور جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے شفاف تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت کا اشتعال انگیز رویہ قابل افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی مادر وطن کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور بلوچستان کے عوام اپنی فوج اور حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ اگر دشمن نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم دفاع وطن کے لیے تیار ہے۔
کابینہ نے سانحہ نوشکی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور غیر قانونی پیٹرول، ڈیزل اور اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کا تعین کر کے کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سانحہ نوشکی کے فوری بعد ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیزی سے شروع کی گئیں اور محکمہ صحت کے عملے نے ایمرجنسی صورتحال میں مثالی خدمات انجام دیں۔
انہوں نے وزیر صحت، سیکرٹری ہیلتھ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ آج صبح 24 شدید زخمیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert