پشین بٹے زئی میں لیویز افسر کی شہادت، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی شدید مذمت

پشین(قدرت روزنامہ) بٹے زئی کے علاقے میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں سب انسپکٹر زین الدین ترین شہید ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں کہا کہ:

“دہشت گردوں کے حملے میں فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے سپوت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہید زین الدین کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان غم کی اس گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے لیویز فورس کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا، جس کے نتیجے میں دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ:

“یہ امن کی جدوجہد میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ امن دشمنوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی۔”

میر سرفراز بگٹی نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے لیویز فورس سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert