جنگ بندی سے دونوں ممالک میں دیرینہ مسائل کے حل کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوگا،یوا ین سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس

دونوں ممالک میں جنگ بندی کشیدگی میں کمی کی جانب معنی خیز پیش رفت ہے،صدرجنرل اسمبلی فلیمون یانگ
پاک بھارت جنگ بندی معاہدے میں مارکو روبیو اور جیڈی وینس نے واضح فرق ڈالا، امریکہ
دونوں ملک اس موقع کو کشیدگی میں کمی اور خطے کے پائیدار امن کے لیے استعمال کریں،ایران
بات چیت ہی کشیدگی کے خاتمے کی کنجی ہے ،جرمنی،برطانیہ کا بھی خبرمقدم
نیویارک،تہران،برلن ،لندن (قدرت روزنامہ )اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔جاری بیان کے مطابق انتونیو گوٹریس نے بھارت جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاک بھارت جنگ بندی پائیدار امن میں کردار ادا کرے گی، جنگ بندی سے دونوں ممالک میں دیرینہ مسائل کے حل کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔ادھر امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت جنگ بندی معاہدے میں مارکو روبیو اور جیڈی وینس نے واضح فرق ڈالا، یہ امریکی حکومت کی جانب سے صدر ٹرمپ کے وژن اور بصیرت پر عمل درآمد کا نتیجہ ہے۔میڈیابریفنگ میں ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سمیت کئی اعلی حکام سے کئی مرتبہ ٹیلی فونک رابطے ہوئے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہم مزید رابطوں کو ممکن بنانے کے لیے پرامید ہیں،امید ہے مزید بات چیت موثر طریقے سے آگے بڑھا سکیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ بھی نے پاک بھارت جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔اپنے بیان میں صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی فلیمون یانگ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، دونوں ممالک میں جنگ بندی کشیدگی میں کمی کی جانب معنی خیز پیش رفت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سیز فائر دونوں ممالک کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کیلئے عزم کا اظہار ہے۔فلیمون یانگ نے کہا کہ خطے میں امن وسلامتی کیلئے دونوں ممالک معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائیں، تمام معاملات اقوام متحدہ قوانین کے مطابق بات چیت اور سفارتکاری سے حل کئے جائیں۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ نے کہا دونوں ممالک اس موقع کو کشیدگی میں کمی اور خطے کے پائیدار امن کے لیے استعمال کریں۔ادھر جرمنی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت ہی کشیدگی کے خاتمے کی کنجی ہے جبکہ برطانیہ نے بھی جنگ بندی کا خیر مقدم کیا۔