بھارتی اعتراف کے بعد رافیل طیارے بنانے والی کمپنی کو بڑا نقصان


پیرس/نئی دہلی(قدرت روزنامہ) بھارتی فضائیہ کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیارے گرنے کا بالواسطہ اعتراف سامنے آنے کے بعد، رافیل طیارے بنانے والی فرانسیسی کمپنی “ڈاسو ایوی ایشن” کے شیئرز میں مزید 5.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

شمیڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ روز بھارت کی مسلح افواج کی میڈیا بریفنگ میں ائیر مارشل اے کے بھارتی سے جب ایک صحافی نے رافیل طیارہ گرنے کی تصدیق سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا: “نقصانات لڑائی کا حصہ ہوتے ہیں، میں اس سے زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتا، اس سے فریق مخالف کو فائدہ ہوتا ہے۔”

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بالواسطہ اعتراف ہی سمجھا جا رہا ہے، اور اسی کے بعد سرمایہ کاروں نے کمپنی کے شیئرز بیچنا شروع کر دیے، جس کا براہ راست اثر ڈاسو ایوی ایشن کی مارکیٹ ویلیو پر پڑا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 5 دن میں کمپنی کے شیئرز میں 10.33 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ اس سے پہلے 5 دن کے دوران انہی شیئرز میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

خیال رہے کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے پاکستان میں مختلف مقامات پر حملے کیے، جن کا پاک فضائیہ نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے تباہ کر دیے۔ یہی واقعہ عالمی دفاعی تجزیہ کاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے رافیل کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔