’’ میں نے طیارہ خریدا ، وہ ٹوٹ گیا ‘‘ بھارتیوں کو شرمندہ کرنے والا وائرل چینی گانا دراصل کس نے گایا؟ گلوکار کے بارے میں دلچسپ تفصیلات سامنے آ گئیں

لاہور (قدرت روزنامہ ) پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی غرور رافیل طیارے گرائے جس پر پاک فضائیہ کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہاہے لیکن اسی دوران پیروڈی ویڈیوز بنانے والی چینی گروپ ’ برادر ہاؤ‘ (Brother Hao
) کی جانب سے مزاحیہ گانا بنا کر شیئر کیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر چھا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق برادر ہاؤ نے رافیل طیارے گرائے جانے پر گانا بنایا ’’ میں نے طیارہ خریدا وہ ٹوٹ گیا‘ ، جس نے بھارت میں ہنگامہ برپا کر دیاہے ، اس گانے کی خصوصیت صرف اس کی شاعری نہیں بلکہ گروپ کا پہناوا بھی ہے جس میں انہوں نے پگڑی کے اوپر کھلونا طیارے بھی جوڑ رکھے ہیں ۔
برادر ہاؤ درحقیقت ایک پیروڈی ویڈیوز بنانے والا گروپ ہے جو کہ گزشتہ دو سالوں سے بھارتی گانوں پر اپنی دلچسپ ویڈیوز بنا کر صارفین کو محظوظ کر رہاہے جس کی وجہ سے انہیں بھارتی شہریوں کی جانب سے نسل پرستی جیسے بے بنیاد الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اگر ان کے اکاونٹ کا بغور جائزہ لیا جائے تو وہ اپنی مزاحیہ ویڈیوز صرف بھارتی گانوں پر نہیں بلکہ پوری دنیا کے بارے میں بناتے آ رہے ہیں ۔
ان کی ویڈیوز صرف بھارت سے متعلق نہیں بلکہ وہ کبھی کبھار تو اپنے ملک چین کو بھی نہیں بخشتے ، انہوں نے تھائی لینڈ ، جاپان کوریا، امریکہ سمیت متعدد ممالک کے بارے میں مزاحیہ ویڈیوز بنا رکھی ہیں ۔برادر ہاؤ ذاتی حیثیت میں بالی ووڈ کو پسند کرتے ہیں اور اپنی کئی ویڈیوز میں وہ بھارتی فلموں کی تعریف بھی کر چکے ہیں ۔
اس پیروڈی گروپ کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں کیونکہ اس سے قبل ان کے چینل پر ایک اور بھارتی مشہور زمانہ گانے ’’ آنکھیں کھلی ہوں یا ہوں بند دیدار ان کا ہوتاہے ‘‘ پر بھی مزاحیہ ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جس میں انہوں نے خود کو ایک بہترین میک اپ آرٹسٹ قرار دیا اور خواتین کو یقین لانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ان کی شخصیت کو ہی بدل کر رکھ دے گا‘‘ ۔