چہرہ اتنا کیسے بدل گیا! کیا واقعی علیزے شاہ نے پلاسٹک سرجری کروائی ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی پلاسٹک سرجری کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
فیشن اور سوشل میڈیا پوسٹس کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہنے والی اداکارہ ایک بار پھر اپنی بدلتی ہوئی شکل کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ علیزے شاہ نے کاسمیٹک سرجری کروائی ہے جس پر پاکستانی اداکارہ نے نہایت نرم مگر پُرزور انداز میں ردعمل دیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں علیزے شاہ نے پلاسٹک سرجری کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حلیہ وقت کے ساتھ بدلا ہے۔
انہوں نے ویڈیو میں کہا “خدا کے لیے، میں نے کبھی کوئی کاسمیٹک سرجری نہیں کروائی، مجھے چھوڑ دو۔ میں نے صرف وزن کم کیا ہے، اس لیے میری شکل مختلف لگتی ہے۔
جب میں نے عہدِ وفا ڈرامہ کیا تھا ، تب میری عمر صرف سترہ سال تھی۔ سیٹ پر سب جانتے ہیں کہ میرا معاہدہ میری والدہ نے میرے لیے دستخط کیا تھا کیونکہ میرے پاس اس وقت شناختی کارڈ بھی نہیں تھا۔”
علیزے شاہ نے مزید کہا، “آپ سب کیسے توقع کرتے ہو کہ چھ سال بعد کوئی شخص وہی نظر آئے؟ میں اب 23 سال کی ہوں، میں کیسے 17 سال کی لگ سکتی ہوں۔”
پاکستانی اداکارہ نے کئی مواقع پر سوشل اور مین اسٹریم میڈیا سے اپنی زندگی کے انتخاب پر تنقید کے دوران ان کی ذاتی جگہ کی درخواست کی ہے۔
اس سال اپریل میں، علیزے شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ مستقل تنقید اور ٹرولنگ نے ان کے جسمانی اور ذہنی صحت پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں ایک طویل نوٹ میں علیزے شاہ نے لکھا، “ٹرولنگ، مسلسل تنقید اور منفی رویے نے مجھے صرف جذباتی طور پر ہی نہیں بلکہ جسمانی طور پر بھی متاثر کیا ہے۔
یہ اس حد تک پہنچ گیا تھا کہ میرے پاس کوئی چارہ نہ تھا سوائے اس کے کہ میں خود کو مکمل طور پر الگ کر لوں، نہ صرف سوشل میڈیا سے بلکہ اپنے اردگرد کے تمام لوگوں سے بھی دور ہوجاؤں۔