جڑواں شہروں میں دن کو رات ہوگئی، کالی گھٹاؤں کے بعد ژالہ باری کیساتھ طوفانی بارش، ویڈیوز وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) جڑواں شہروں میں دن کو رات ہوگئی اور کالی گھٹاؤں کے بعد ژالہ باری کیساتھ طوفانی بارش ہوئی ہے جس کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں۔اسلام آباد کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تفصیل کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیشگوئی کی تھی راولپنڈی، اسلام آباد میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اور چند گھنٹوں کے اندر ہی یہ پیشنگوئی حقیقت میں بدل گئی۔
شمالی علاقہ جات جانیوالے گجرات کے 4 لاپتہ دوستوں کی گاڑی گلگت سے مل گئی لیکن گاڑی کے مسافروں کا کیا بنا؟ تفصیلات منظرعام پر
اسلام آباد میں موسم کی صورتحال کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شہری نے بتایا کہ دن ایک بجے کی یہ صورتحال ہے جس میں شام کا سماں محسوس ہوتا ہے، گاڑیوں کی بتیاں بھی ڈرائیور حضرات آن کرنے پر مجبور ہیں۔
ایک اور صارف نے بتایا کہ”اسلام آباد میں دن رات میں بدل گیا، شدید تیز بارش شروع ہوگئی”۔
ایک اور صارف نے بارش شروع ہونے سے چند لمحے پہلے کی ویڈیو شیئر کی جس میں طوفانی ہوائیں چلتی دیکھی جاسکتی ہیں اور ساتھ ہی لکھا کہ “اللہ رحم کرے۔۔!!”
اس کے علاوہ لاہور، نارووال، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، سیالکوٹ میں بھی بادل برسنے کا بھی امکان ظاہر کیا جارہاہے ۔ خیبر پختونخوا کے علاقے مردان، پشاور، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، مانسہرہ اور ابیٹ آباد میں بھی آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجۂ حرارت سبی میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔