توشہ خانہ، 9 مئی کے کیسز اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی عدالتی پیشیاں، متعدد سماعتیں ملتوی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مختلف مقدمات میں آج اہم عدالتی پیشرفت ہوئی۔ توشہ خانہ ٹو کیس سمیت 9 مئی کے واقعات سے متعلق انسداد دہشتگردی کی متعدد عدالتوں میں سماعتیں ہوئیں، تاہم اکثر کیسز کی سماعتیں ملتوی کر دی گئیں۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آج توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوں گے۔ کیس کے چھٹے گواہ قیصر محمود پر وکلاء صفائی کی جانب سے آج جرح مکمل کی جائے گی۔
پولی گرافک ٹیسٹ سے بانی پی ٹی آئی کا انکار
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کے فوٹوگرافک اور پولی گرافک ٹیسٹ کے معاملے پر ڈی ایس پی جاوید نے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے تین بار ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا۔ عدالت میں جلد اس حوالے سے سماعت متوقع ہے۔
آزادی مارچ کیسز کی سماعت
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کوہسار میں درج آزادی مارچ کے دو مقدمات کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے مقدمات کی سماعت 19 جون تک ملتوی کرتے ہوئے بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
9 مئی واقعے کے مقدمات میں پیش رفت
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تھانہ رمنا پر حملے کے مقدمے کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ ملزم زریاب کی غیر حاضری کے باعث فیصلہ مؤخر کر دیا گیا، جسے اب 29 مئی کو سنایا جائے گا۔ ملزم کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی۔
لاہور میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات کی سماعت
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی کے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات کی سماعت ہوئی،ایم پی اے علی امتیاز وڑائچ، ندیم بارا اور حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانتوں میں 20 جون تک توسیع کی گئی۔عمر ایوب کی تین مقدمات میں ضمانت میں 27 جون تک توسیع کی گئی، عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی۔شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوشن کی تیاری نہ ہونے کے باعث سماعت 30 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔