آئی ایم ایف نے بجٹ اہداف پر اعتراضات اٹھا دیے، اہم وزارتوں کے درمیان بھی اختلافات سامنے آگئے

حکومت کو ترقیاتی بجٹ کی منظوری میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ان میں اکثر مہنگے انفرااسٹرکچر منصوبے ہیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ اہداف پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے مالی بوجھ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا تھرو فارورڈ 10 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ منصوبہ بندی سے 500 جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
رپورٹ کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی اکثریت مہنگے انفرااسٹرکچر منصوبے ہیں، حکومت کو ترقیاتی بجٹ کی منظوری میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزارت خزانہ و منصوبہ بندی میں اختلاف بھی سامنے آگئے، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بجٹ اہداف پر اتفاق نہ ہونے سے آئندہ مالی سال کی منصوبہ بندی تاخیر کا شکار ہے۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ملتوی کردیا گیا، نئی تاریخ بعد میں دی جائے گی۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور معاشی پلان پر سفارشات تیار ہونا تھیں، اجلاس میں رواں مالی سال کی معاشی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جانا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ اجلاس میں تاخیر سے بجٹ سازی کے عمل پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔