یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے اقتصادی پابندیوں، دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 1998 میں آج کے دن 6ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا، یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی و خودمختاری پرسمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دِن ہے، آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک معاشی قوت اور دنیا میں پاکستان کو اُس کا حقیقی مقام دلائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ میں آج کے دن اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے دِل کی گہرائیوں سے پوری قوم اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یومِ تکبیر کی مبارک دیتا ہوں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ’’یومِ تکبیر‘‘ اِس مرتبہ ایک اہم اور تاریخی موقع پر منارہا ہے جب بھارت کی مسلط کردہ بلاجواز جنگ میں پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے 6 سے 10 مئی کے معرکہ حق میں سرخرو اور فتح یاب ہوا ۔ فتح مبین سے سرشار قوم کے لئے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جس پر ہم رب ِعظیم کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیشہ پاکستانی قوم کو اپنے خصوصی کرم سے سربلندفرمایا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مئی 1998 میں پوکھران میں بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے لئے چیلنج پیدا کردیا تھا۔
میرے قائد اور اُس وقت کے وزیراعظم محمد نوازشریف نے پوری قوم کی امنگوں اور قومی مفادات کی ترجمانی کی، اقتصادی پابندیوں، دبائو، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے، 1998 میں آج کے دن بھارت کے پانچ کے مقابلے میں چھ دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی ملک بنادیا تھا اور جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا، پاکستانی قوم ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک جنہوں نے اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ، انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی بلند ہونے والی صَدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے۔اس مقصد کے لئے پورا پاکستان متحد تھا ۔ یہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلا جواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی۔انہوں نے کہا کہ آج کے یومِ عظیم پر میں
ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے والےذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، انجینئرز ، افواج پاکستان اور قومی اداروں سمیت اس پروگرام میں اپنا حصہ ڈالنے والے تمام معماروں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ میں قوم کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے جوہری پروگرام کی تکمیل کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں اور اپنے عزم وہمت کی قابل فخر داستان لکھی۔ میں اپنی مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے نیوکلیئر اثاثوں کی بھرپور حفاظت کی۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے اُس عہد کاتسلسل ہے جس کے تحت پاکستان جیسی عظیم مملکت ِ خداداد وجودمیں آئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی عوام اور سیاسی قیادت نے اپنے آہنی ارادوں اور ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنی دلیری، شجاعت اور عسکری مہارت سے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اورسنگین ترین مشکلات کا سینہ چیر کر مقصد کو پالنے کا جذبہ ہی پاکستان کی اصل قوت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی وخودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دِن ہے ۔ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک معاشی قوت اور اور دنیا میں پاکستان کو اُس کا حقیقی مقام دلائیں گے۔