یومِ تکبیر: پاکستان کی عظمت، خودداری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے، نوابزادہ جمال خان رئیسانی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی عظمت، خودداری اور دفاعی خودمختاری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ سربلند ہوا اور پاکستانی قوم نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ وہ اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
نوابزادہ جمال رئیسانی کا کہنا تھا کہ اگر قوم متحد ہو اور قیادت باہمت ہو، تو دنیا کی کوئی طاقت اسے جھکا نہیں سکتی۔ 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی تحفظ فراہم کیا، اور آج بھی ہماری افواج دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے فولادی دیوار بنی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “بُنیانُ المرصوص” دراصل اسی دفاعی فکر اور پالیسی کا تسلسل ہے جس کا آغاز یومِ تکبیر کے دن ہوا۔ بھارت کی مسلسل جارحیت اور اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔ امن کی خواہش کسی کمزوری کی علامت نہیں بلکہ ایک ذمہ دار ریاست کے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو، میاں نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کے رفقاء سمیت تمام سائنسدانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ایٹمی پروگرام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ رئیسانی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے، جس نے خطے میں طاقت کا توازن قائم رکھا اور عالمی امن کو ترجیح دی۔
نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے اس موقع پر بلوچستان کے عوام کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ پاک فوج مخالف پروپیگنڈے کو مسترد کیا اور ملکی دفاع کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل وابستگی کا اظہار کیا۔