لوگ اب بھی ہمارے ساتھ تفریق روا رکھتے ہیں، جسٹن بی بیز

کراچی(قدرت روزنامہ)ایک دہائی قبل کینیڈین نژاد امریکی گلوکار جسٹن بیبر کے گانے ’بے بی‘ کو گاکر شہرت حاصل کرنے والی بہن گلوکاراؤں ثانیہ اور مقدس نے انکشاف کیا ہے کہ موسیقی کی دنیا میں نام پیدا کرنے کے باوجود ان کے ساتھ تفریق روا رکھی جاتی ہے۔
ثانیہ اور مقدس کو ’جسٹن بی بیز‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، دونوں کی جانب سے جسٹن بیبر کے انگریزی گانے ’بے بی‘ کو گانے کی ویڈیو 2015 میں وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں دنیا بھر میں مقبول ہوگئی تھیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دونوں بہنوں کو کوک اسٹوڈیو سمیت دیگر میوزک پلیٹ فارمز پر بھی گلوکاری کرنے کے مواقع ملے اور اب گزشتہ ایک دہائی سے وہ میوزک انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
حال ہی میں دونوں نے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں دونوں نے ذاتی زندگی اور کیریئر پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران دونوں نے انکشاف کیا کہ دونوں بہنیں شادی شدہ ہیں، ان کی شادی کئی سال قبل خاندان کی مرضی سے ہوئی تھی۔
بڑی بہن ثانیہ کے مطابق انہیں دو بچے بھی ہیں اور سب سے بڑا بچہ 8 سال کی عمر کا ہے جب کہ چھوٹی بہن مقدس نے بتایا کہ انہیں تاحال کوئی اولاد نہیں۔
دونوں نے بتایا کہ ان کا تعلق غریب خاندان سے ہے لیکن قسمت نے ان کا ساتھ دیا اور خدا کی رحمت سے وہ آج اچھے مقام پر ہیں۔
ثانیہ اور مقدس کا کہنا تھا کہ وہ گلوکاری کے میدان میں مزید نام بنانے کی خواہش مند ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ انہیں مزید شہرت ملے اور ان کے والدین ان کی شہرت کو دیکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی ان کے والدین کی عمر زیادہ ہو چکی ہے، اس لیے ان کے پاس وقت کم ہے، وہ چاہتی ہیں کہ والدین کے چل بسنے سے قبل وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔
پروگرام کے دوران مقدس نے بتایا کہ ثانیہ ان سے بڑی ہیں، اس لیے گھر میں بڑی بہن کا کام بھی وہ کرتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مقدس نے بتایا کہ موسیقی کی دنیا میں ناکم کمانے کے باوجود انہیں لوگ ان کے خاندانی پس منظر سے دیکھتے اور طعنے دیتے ہیں، ایک طرح سے ان کے ساتھ اب بھی تفریق روا رکھی جاتی ہے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ لوگ ایک دوسرے سے ہماری تعلیم، ہمارے خاندانی پس منظر، ہمارے کام سمیت دیگر حوالوں سے پوچھتے رہتے ہیں، انہیں ان کے خاندانی پس منظر کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔
مقدس کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھ تفریق کو محسوس نہیں کیا بلکہ اپنی آنکھوں اور کانوں سے دیکھا اور سنا ہے۔