پہلی پاکستانی نژاد مسلم سپر ہیرو ’مس مارول‘ کا ٹیزر جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سائنس اور فیکشن پر مبنی ایک اور ویب سیریز ’مس مارول‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے جو کہ پہلی پاکستانی نژاد مسلم سپر ہیرو پر مبنی ہے۔ارول اسٹوڈیو کی جانب سے شیئر کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹیزر میں ’مس مارول‘ کے مرکزی کردار یعنی ’کمالہ خان‘ کو دکھایا گیا ہے جو کہ پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ 16 سالہ ایمان ولانی ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
مختصر دورانیے کے ٹیزر میں مرکزی کردار کا پس منظر بھی دکھایا گیا ہے جب کہ ٹیزر میں مسلمانوں کو نماز پڑھتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔


یہ سپر ہیرو کردار ایک پاکستانی نژاد امریکی مسلمان نوعمر لڑکی کا ہے جس کے پاس اپنی صورت اور روپ تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ ’کمالہ خان‘ کس طرح مختلف صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہیں جو کہ مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کرتی ہیں۔مذکورہ سپر ہیرو سیریز کی ہدایات پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔تمام ہدایت کار سیریز کی مختلف قسطوں کی ہدایات دیں گے اور ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی۔
خیال رہے کہ ’مس مارول‘ میں جہاں ایمان ولانی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی، وہیں پاکستانی اداکارہ ثنا بچہ بھی اس میں نظر آئیں گی جب کہ خبریں ہیں کہ فواد خان بھی اسی سیریز میں مختصر طور پر پیش ہوں گے، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
مذکورہ ویب سیریز کی دیگر کاسٹ میں بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یامسین فلیچر، ساگر شیخ اور رش شاہ شامل ہیں۔