کوئٹہ،بی ٹیوٹا اسکیم کے تحت سعودی عرب بھیجے گئے نوجوان مشکلات میں، حکومتی مدد کی اپیل

محکمہ لیبر اور بی ٹیوٹا کا منصوبہ استحصالی اسکیم بن چکا، نوجوانوں کی فریاد


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت کے محکمہ لیبر اور بی ٹیوٹا :BTVETA: کی بیرون ملک ہنر اور روزگار اسکیم کے تحت سعودی عرب بھیجے گئے نوجوان گزشتہ 10 دنوں سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ متاثرہ نوجوانوں نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے اپنی بے بسی بیان کرتے ہوئے حکومتِ بلوچستان سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔ذرائع کے مطابق اس اسکیم کے تحت بلوچستان سے تقریبا 30 ہزار نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے خواب دکھا کر سعودی عرب اور دیگر ممالک بھیجا جانا تھا۔ پہلے مرحلے میں سعودی عرب جانے والے نوجوانوں کو نہ رہائش ملی اور نہ ہی خوراک یا دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔ کئی نوجوان کھلے آسمان تلے بھوک و پیاس میں پڑے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ایک نوجوان نے ویڈیو پیغام میں کہا: ہمیں بتایا گیا تھا کہ یہاں پہنچتے ہی رہائش اور کھانے کا بندوبست ہوگا، مگر یہاں نہ کوئی استقبال کرنے آیا اور نہ ہی کوئی ہم سے رابطہ کر رہا ہے۔ ہم یہاں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ نوجوانوں نے الزام عائد کیا کہ بی ٹیوٹا اور محکمہ لیبر کا یہ منصوبہ محض کاغذی کارروائی اور کمائی کا ذریعہ بن چکا ہے جس میں ان کے خوابوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔نوجوانوں نے وزیراعلی بلوچستان سے فوری نوٹس لینے اور مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert