بلوچستان پولیس میں خود احتسابی : کم عمر طلبہ سے رشوت کا واقعہ، تین اہلکار معطل،مقدمہ درج

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے طالب علموں سے مبینہ رشوت لینے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایگل اسکواڈ کے تین اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں کے خلاف اختیارات سے تجاوز کرنے پر کارروائی کی گئی۔ معطل کیے گئے اہلکاروں میں کانسٹیبل محب اللہ، کانسٹیبل عادل رشید اور کانسٹیبل تاج محمد شامل ہیں، جو سٹی ایریا میں تعینات تھے۔حکام کے مطابق اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار دو کم عمر طالب علموں فیضان عمران اور آفتاب احمد سے 7 ہزار 500 روپے زبردستی وصول کیے تھے۔ واقعہ سٹی پولیس کی موبائل گشت ٹیم کے علم میں آنے پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔پولیس کے مطابق طالب علموں نے تحقیقات کے دوران واقعہ کی تصدیق کی، جس کے بعد معاملہ ڈی آئی جی کوئٹہ کے نوٹس میں لایا گیا۔ مزید تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے پر تینوں اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا گیا۔ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے کہا کہ محکمہ پولیس میں موجود خود احتسابی نظام کے تحت کسی اہلکار کو اختیارات کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے واقعات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
