سال 2024-25 میں عالمی شرح نمو 2.7 فیصد رہنے کی توقع ہے، ورلڈ بینک

پاکستان نے رواں مالی سال میں 2.7 فیصد کی شرح نمو حاصل کی جو گزشتہ برس کے 2 فیصد سے کچھ بہتر ہے

2024 میں بھارت نے معاشی ترقی کے میدان میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا جہاں شرح نمو 7 فیصد رہی، رپورٹ


نیویارک(قدرت روزنامہ)ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ سال 2024-25 میں عالمی شرح نمو 2.7 فیصد رہنے کی توقع ہے، پاکستان نے رواں مالی سال میں 2.7 فیصد کی شرح نمو حاصل کی جو گزشتہ برس کے 2 فیصد سے کچھ بہتر ہے،عالمی بینک کی اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ دنیا بھر میں جاری جنگیں، موسمیاتی تبدیلیاں اور قدرتی آفات عالمی معیشت کی رفتار کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ورلڈ بینک کی رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان عالمی اوسط شرح نمو کے برابر کھڑا ہے جبکہ خطے کے دیگر ممالک خاص طور پر بھارت اور چین اس دوڑ میں کہیں آگے ہیں۔
عالمی بینک کی رپورٹ میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ سال 2024 میں بھارت نے معاشی ترقی کے میدان میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا جہاں شرح نمو 7 فیصد رہی۔چین کی معیشت 5 فیصد کی رفتار سے بڑھی اسی طرح امریکہ کی اقتصادی ترقی 2.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح برطانیہ اور جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک کی شرحِ نمو محض 0.7 فیصد رہی۔
جرمنی میں یہ 0.8 فیصد جبکہ فرانس میں 1.1 فیصد رہی جو یورپی معیشتوں کی سست روی کو ظاہر کرتی ہے۔ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں مزید یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان نے رواں مالی سال میں 2.7 فیصد کی شرحِ نمو حاصل کی، جو گزشتہ برس کے 2 فیصد سے کچھ بہتر ہے۔ ماہرین کے مطابق سیاسی استحکام، معاشی پالیسی، موسمی اثرات اور بین الاقوامی صورتحال جیسے عوامل کسی بھی ملک کی شرحِ نمو پربراہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔