پاکستان کی یورپی برآمدات میں قابلِ ذکر اضافے سے ملکی معیشت مستحکم
پیش رفت روزگار کے مواقع، زرمبادلہ کے ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کی یورپی ممالک کو برآمدات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس سے معیشت کو استحکام اور ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک کے عرصے میں پاکستان کی یورپی برآمدات میں 8.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کے 6.95 ارب ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 7.55 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
برآمدات میں اس قابل ذکر اضافے کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سہولت کاری اور مؤثر پالیسی اقدامات کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس نے پاکستانی مصنوعات، خصوصاً ٹیکسٹائل اور ملبوسات کو یورپی منڈیوں تک رسائی میں آسانی فراہم کی۔
ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے میں بڑھتی ہوئی مانگ نے نہ صرف برآمدات کو سہارا دیا بلکہ ملکی صنعتوں، سرمایہ کاری اور محاصل میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔
ایس آئی ایف سی کے فعال کردار نے یورپی منڈیوں میں پاکستانی اشیا کی موجودگی کو مستحکم کیا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف قلیل مدتی تجارتی فوائد حاصل ہوئے بلکہ طویل مدتی معاشی ترقی کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ برآمدات میں یہ بہتری پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے، جو روزگار کے مواقع، زرمبادلہ کے ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا۔