وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ناروے کے قائم مقام سفیر کی ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ناروے کے قائم مقام سفیر تھامس سمیکوپ ڈاہل نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تعلیم، صحت اور انسانی وسائل کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں گورننس کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے سفیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت، میرٹ اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بلوچستان میں ترقی و امن کا نیا دور شروع ہو چکا ہے اور ہم بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے ترقیاتی رفتار کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، بالخصوص تعلیم، صحت، اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق موضوعات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ انتہا پسندی اور بدامنی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے ناروے کے سفیر کو بلوچستان میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت بھی دی، اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے صوبے کی ترقی کو نئی جہت ملے گی۔

WhatsApp
Get Alert