یہ کیسے وزرا ہیں جو وزیراعظم سے بات نہیں کر سکتے؟، آخر وزیر اعظم ریفرنڈم کے معاملے پر خاموش کیوں ہیں، شرجیل میمن

وفاقی وزرا اپنے بیانات سے کنفیوژن پیدا کر رہیں ہیں۔ اتنی بڑی بات بھی کر رہے ہیں اور اوپر سے اپنے سب سے بڑے اتحادی، جن کی وجہ سے آپ حکومت میں بیٹھے ہیں، ان سے آپ مشورہ کرنے کو تیار نہیں، رہنما پیپلز پارٹی شرجیل میمن کی گفتگو


کراچی(قدرت روزنامہ)رہنما پیپلز پارٹی اور صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعظم کا کام ہے کہ وہ معاملہ کابینہ میں لے کر آئیں۔ جب تک وزرا یا اینکر بات کرتے رہیں گے تو کچھ نہیں ہونے والا، اس کے بعد پارلیمنٹ کا کام ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ اس معاملے کا کیا راستہ اختیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو صاحب نے تو یہ کہا کہ ہم وزیراعظم کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ان کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں، کچھ وزرا کے کہنے پر ہم نے نہیں چلنا۔ ریفرنڈم کے معاملے پر کوئی بھی بات ہوگی تو وہ پارلیمنٹ میں ہی ہوگی۔
شرجیل میمن نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسے وزرا ہیں کہ یہ اپنے وزیراعظم سے بات نہیں کر سکتے۔
عطا تارڑ کے بلاول بھٹو کے متعلق بیان پر انہوں نے کہا کہ اگر یہ وزیر اطلاعات ہیں تو وزیراعظم کی طرف سے بیان جاری کریں۔ یہ جو بھی بات ہو رہی ہے، وزیراعظم صاحب خاموش کیوں ہیں، میاں نواز شریف اور مریم نواز خاموش کیوں ہیں، مسلم لیگ ن پہلے اپنی کوئی پالیسی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ میں بات کو رکھیں، پارلیمنٹ میں معاملے کو لے کر آئیں، آئین کے مطابق بات کریں، یہ سارے باہر لگے ہوئے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو صاحب غصے میں نہیں ہیں، بلکہ ن لیگ کے وفاقی وزرا جو باتیں کر رہے ہیں وہ کنفیوژن پیدا کر رہی ہیں۔ اتنی بڑی بات بھی کر رہے ہیں اور اوپر سے اپنے سب سے بڑے اتحادی، جن کی وجہ سے آپ حکومت میں بیٹھے ہیں، ان سے آپ مشورہ کرنے کو تیار نہیں۔
شرجیل میمن نے مصطفیٰ کمال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال جیسے لوگ خود ایک خیراتی مینڈیٹ پر، ایک بدترین شکست کے بعد فارم 47 کی پیداوار ہیں، اور ان کی پوری پارٹی بھی اسی طرح ہے۔
جس طرح خواجہ آصف کہتے ہیں کہ کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے، یہ لوگ پھر کس طرح اسمبلیوں میں بیٹھتے ہیں، سمجھ سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنلسٹ پارٹیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ جلسے، جلوس اور ریلیاں نہ کریں، جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کو بتایا گیا تھا کہ صوبوں کے معاملے پر فیصلے اسمبلیاں کریں گی، یہ فیصلے باہر سڑکوں پر، سیمینارز میں یا ٹاک شوز میں نہیں ہوں گے۔
شرجیل میمن کے مطابق کل ایک نیشنلسٹ پارٹی نے ریلی رکھی تو ایم کیو ایم نے بھی اسی وقت اور اسی دن ریلی رکھی۔ پھر انہیں سمجھایا گیا کہ وہ وہی روش نہ رکھیں جو انہوں نے پہلے 12 مئی کو رکھی تھی۔ ہم نے کہا کہ اب ہم آپ کو وہ حرکتیں کرنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو پراکسیز کی بات کر رہے ہیں تو یہ کیس پراکسی ہے کہ ہر پارلیمانی الیکشن ہم سے ہی لڑتے ہیں۔
ابھی تک ایم کیو ایم صوبوں کے حق میں آٹھ سے دس ریلیاں کر چکی ہے، ہم نے انہیں نہیں روکا۔ اس بار اس لیے روکا کہ کوئی تصادم نہ ہو، کسی اور دن یہ ریلی نکال لیں، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھو دیش کے نعرے آج سے نہیں بلکہ پچھلے کئی سالوں سے لگ رہے ہیں، اور جو یہ نعرے لگاتے ہیں، ہم نے آج تک انہیں سندھ میں ایک بھی نشست جیتنے نہیں دی۔
ان نعروں کے خلاف پیپلز پارٹی کھڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال جیسے لوگ توجہ حاصل کرنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں، پیپلز پارٹی ایک وفاقی پارٹی ہے، اگر ریاست کے خلاف یا بدامنی کا کوئی بھی بیان سامنے آیا تو اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ بیانات ہم نے ایم کیو ایم کی طرف سے سنے ہیں اور ہماری طرف سے سب کو منع ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے تمام جماعتوں کی ریلیوں کے حوالے سے ایس او پیز دیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ کوئی بھی اشتعال انگیز بات نہیں کرے گا۔ اگر کسی نے ایسا کچھ کیا تو قانون موجود ہے۔

WhatsApp
Get Alert